بڑی ادائیگیاں
مزید دیکھیں
راست (Raast) پاکستان کا قومی فوری ادائیگی کا نظام ہے جو افراد، کاروباری اور حکومتی اداروں کے درمیان بروقت مکمل ڈجیٹل ادائیگیاں ممکن بناتا ہے۔ یہ پاکستان کا جدید تیز ادائیگی کا انفراسٹرکچر ہے جو کم مالیت کی خردہ ادائیگیوں کی فوری چکتائی، مضبوط سیکورٹی اور پورے مالی نظام میں باہمی رابطے انجام دینے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
راست مالی شعبے کے تمام شرکاء کے لیے کم لاگت اور وسیع رسائی فراہم کرتا ہے، جن میں کمرشل بینکس، مائیکروفنانس بینکس، حکومتی ادارے اور ضابطہ کاری میں شامل فن ٹیک ادارے (EMIsاور PSPs ) شامل ہیں, تا کہ صارفین اور تاجروں کو قابلِ توسیع اور مستقل دستیاب ڈجیٹل ادائیگی سے استفادے کے قابل بنایا جا سکے۔
پاکستان میں تاریخی طور پر الیکٹرانک ادائیگیوں کو کم پذیرائی ملی ہے جس کی وجوہات میں کم بینکاری رسائی، ڈجیٹل ادائیگی کے طریقوں کے بارے میں محدود آگاہی اور اعتماد، مختلف نظاموں کے درمیان باہمی رابطے کی کمی، رسائی سے متعلق مسائل اور لین دین کی لاگت شامل ہیں۔ اگرچہ پاکستان کا ریئل ٹائم گراس سیٹلمنٹ (آر ٹی جی ایس) نظام بڑی مالیت والی اور کارپوریٹ ادائیگیوں کی چکتائی میں سہولت فراہم کرتا ہے، تاہم راست کو خاص طور پر روزمرہ کی خردہ ادائیگیوں کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ زیادہ رفتار، وسیع رسائی اور بہتر کارکردگی کے ذریعے ادائیگیاں ممکن بنائی جا سکیں۔
راست کو راست پے منٹس پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ (آر پی پی) کے طور پر آپریٹ کیا جاتا ہے اور یہ اسٹیٹ بینک کی مکمل ملکیت میں چلنے والا ذیلی ادارہ ہے، جو اس کے آپریشنل انتظام، فعالیت، اور نظام میں شامل افراد کے قریبی اشتراک سے راست اسکیم اور اس کی خدمات کے ارتقائی مراحل کا ذمہ دار بھی ہے۔
راست کا مقصد ادائیگی کے مجموعی نظام میں بینکاری صنعت کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنا ہے۔
ماضی میں مالی اداروں اور ادائیگی کی خدمات فراہم کرنے والوں کو ایک دوسرے سے رابطے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے، کیونکہ ادائیگی کے مختلف اور منتشر نظام موجود تھے اور ایک ایسا جامع اور باہم مربوط قومی پلیٹ فارم دستیاب نہیں تھا جو سب کے لیے یکساں طور پر قابلِ استعمال ہو۔
اکثر صورتوں میں ڈجیٹل منتقلی اور ادائیگیوں پر عائد فیسیں الیکٹرانک ادائیگیوں کو عام صارفین، خصوصاً کم آمدنی والے طبقات کے لیے کم قابلِ رسائی بنا دیتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ان ادائیگیوں کو اپنانے کی رفتار سست رہتی ہے اور نقد رقم کا استعمال غالب رہتا ہے۔
ادائیگی کے مراحل مختلف ایپس میں پیچیدہ اور غیر یکساں ہوتے ہیں، جبکہ تاجروں کے ہاں سادہ اور وسیع پیمانے پر قبول کیے جانے والے ڈجیٹل ادائیگی کے طریقے ابھی تک اتنے عام نہیں ہوئے کہ روزمرہ استعمال کی عادت پیدا ہو سکے۔
موجودہ ادائیگی کے طریقوں اور بنیادی ڈھانچے میں ہمیشہ ڈیٹا سیکورٹی، تصدیق اور فراڈ کے خطرات کے انتظام کے حوالے سے یکساں تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا، جس سے صارفین کے اعتماد اور استعمال پر منفی اثر پڑتا ہے۔