افعال اور معیارات
مزید دیکھیں
مالی نظام کی مضبوطی اور استحکام کو یقینی بنانا اسٹیٹ بینک کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے اسٹیٹ بینک نے ایک مؤثر قانونی اور ضوابطی فریم ورک قائم کیا ہے۔
قانونی فریم ورک کے تحت، اسٹیٹ بینک کو بنیادی طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء، بینکاری کمپنیز آرڈیننس 1962ء، مائیکروفنانس انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 2001 ءاور فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ 1947ء کے تحت ضروری اختیارات اور مینڈیٹ تفویض کیا گیا ہے تاکہ بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں، مائیکروفنانس بینکوں اور فارن ایکسچینج کمپنیوں کی سرگرمیوں کی نگرانی اور انہیں منظم کیا جا سکے۔ بدلتے ہوئے ماحول کے مطابق ان قوانین کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاتا ہے اور انہیں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔
ضوابطی فریم ورک متعدد پالیسیوں، رہنما اصولوں، محتاطیہ معیارات اور متعلقہ طریقہ کار پر مشتمل ہے، جو درج ذیل اہم شعبوں کا احاطہ کرتا ہے:
نگرانی کے دائرے میں محتاطیہ نگرانی، سائبر سیکورٹی اور ٹیکنالوجی کے خطرے کی نگرانی، برتاؤ اور صارفی تحفظ کی نگرانی ، اوراینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنانسنگ کے انسداد کی نگرانی شامل ہیں۔ بی ایس جی کے شعبے جو نگرانی انجام دیتے ہیں ان میں برمقام (onsite) معائنے اور فاصلاتی (offsite) نگرانی کے علاوہ اور خطرے کی بنیاد پر نگرانی فریم ورک کے تحت زیرِ ضابطہ اداروں کے ساتھ مسلسل مشغولیت شامل ہے تا کہ نظم و نسق، خطرے کے انتظام، مالی مضبوطی، برتاؤ، سائبر سیکورٹی اور ضوابطی تقاضوں پر عمل درآمد کو جانچا جا سکے۔
بینک دولت پاکستان نے نگرانی کے اس عمل کی اثرانگیزی کی معاونت کے لیے اور قابلِ اطلاق قوانین ، ضوابط اور متعلقہ ہدایات کی تعمیل یقینی بنانے کے لیے ایک مضبوط نظام بھی وضع کیا ہے۔ خطرے کی بنیاد پر نگرانی کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک وہاں عمل درآمد کے اقدامات کرتا ہے، جہاں نگرانی کے جائزوں میں یہ بات سامنے آئے کہ ضوابط کی خلاف ورزیاں، کنٹرول میں نقائص یا غیر محفوظ اور ناقص طریقے اپنائے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں قابل ِاطلاق قانونی اور ضوابطی فریم ورک کے تحت مالی جرمانے، انتظامی اقدامات اور دیگر ضوابطی مداخلتیں شامل ہیں۔ یہ اقدامات شناخت کردہ خلاف ورزی کی نوعیت، شدت اور اثر کی مناسبت سے کیے جاتے ہیں اور ان کا مقصد بروقت تدارک اور ادارہ جاتی احتساب کو مضبوط بنانا ہے۔ پائیدار اور شفاف تعمیل کے ذریعے اسٹیٹ بینک پورے بینکاری شعبے میں ضوابطی نظم و ضبط، مضبوط نظم و نسق اور خطرے کے محتاطیہ انتظام کو تقویت دیتا ہے۔
خطرے پر مبنی نگرانی کے فریم ورک (رسک بیسڈ سپرویژن فریم ورک) کے تحت اسٹیٹ بینک کی محتاطیہ نگرانی (Prudential Supervision) بینکوں، مائکروفنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں سمیت زیرِ ضابطہ مالی اداروں کی مضبوطی اور استحکام میں کردار ادا کرتی ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی مالی نظام کے استحکام کو بھی تقویت ملتی ہے۔ اسٹیٹ بینک برمقام معائنوں (Onsite Inspections) اور آف سائٹ نگرانی (Offsite Monitoring) کے امتزاج کے ذریعے بینکوں کی کفایتِ سرمایہ (Capital Adequacy)، معیارِ اثاثہ (Asset Quality)، نظم و نسق کے معیارات، رسک مینجمنٹ کے طریقہ کار، اور لیکویڈیٹی کی صورتِ حال کا جائزہ لیتا ہے۔ نگرانی کے جائزوں میں مستقبل پر مبنی تجزیے (Forward-Looking Analysis) پر زور دیا جاتا ہے تاکہ ابھرتی ہوئی کمزوریوں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے اور مناسب اصلاحی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ خطرے پر مبنی نگرانی کے فریم ورک کے تحت نگرانی کی سرگرمیوں کا مرکز وہ ادارے اور سرگرمیاں ہوتی ہیں جو مالی استحکام کے حوالے سے نسبتاً زیادہ خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ زیرِ ضابطہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت کے ذریعے، اسٹیٹ بینک محتاط بینکاری طریقوں کو فروغ دیتا ہے اور مالی نظام کے استحکام کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ یہ طریقۂ کار ایک ایسے مضبوط اور لچکدار بینکاری شعبے کی تشکیل میں معاون ہے جو معاشی اور مالی سھچکوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
اسٹیٹ بینک کا سائبر سیکیورٹی کی نگرانی کا مقصد بینکاری شعبے کو بدلتے ہوئے سائبر خطرات کے خلاف مزید مضبوط اور لچکدار بنانا ہے۔ خطرے پر مبنی نگرانی کے فریم ورک کے تحت، اسٹیٹ بینک بینکوں کے سائبر رسک مینجمنٹ، نظم و نسق کی ساخت، حادثات کا جواب دینے کی صلاحیت (Incident Response Capabilities)، اور ٹیکنالوجی کے کنٹرولز کی اثرانگیزی کا جائزہ لیتا ہے۔ اداروں کے لیے لازم ہے کہ وہ مضبوط سائبر سیکیورٹی فریم ورک کا نفاذ کریں جو بین الاقوامی معیارات اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ ضوابطی ہدایات سے ہم آہنگ ہو۔ نگرانی کے جائزوں میں آئی ٹی گورننس، ڈیٹا کے تحفظ کے طریقہ کار، تھرڈ پارٹی رسک مینجمنٹ، اور سائبر لچک (Cyber Resilience) کے اقدامات کا بھی معائنہ شامل ہوتا ہے۔ اسٹیٹ بینک سائبر سیکیورٹی سے متعلق اہم حادثات کی نگرانی بھی کرتا ہے اور زیرِضابطہ اداروں سے بروقت رپورٹنگ اور اصلاحی اقدامات کا تقاضا کرتا ہے۔ مسلسل نگرانی اور صنعت کے ساتھ رابطے کے ذریعے، اسٹیٹ بینک پاکستان کے ڈجیٹل مالیاتی انفراسٹرکچر کی حفاظت، سالمیت اور ساکھ کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
اسٹیٹ بینک میں طرزِ عمل کی نگرانی (Conduct Supervision) کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ زیرِ ضابطہ ادارے اپنے صارفین اور مالی مارکیٹ کے ساتھ اپنے معاملات میں منصفانہ، شفاف اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کریں۔ خطرے پر مبنی نگرانی کے تحت، اسٹیٹ بینک مصنوعات کے ڈیزائن، فروخت کے طریقۂ کار، معلومات کے افشا، شکایات کے ازالے اور صارفین کے ساتھ برتاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کا جائزہ لیتا ہے۔ نگرانی کے جائزوں میں اس امر پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے کہ طرزِ عمل سے متعلق خطرات کے مؤثر انتظام کے لیے مالی اداروں کے پاس مؤثر نظم و نسق اور مضبوط داخلی کنٹرولز موجود ہوں۔ اسٹیٹ بینک یہ بھی جانچتا ہے کہ آیا بینک اپنے صارفین کو واضح اور درست معلومات دیتے ہیں، گمراہ کن طریقوں سے اجتناب کرتے ہیں اور تحفظِ صارف کے مقررہ معیارات پر عمل پیرا رہتے ہیں۔ مارکیٹ میں رائج طریقۂ کار اور صارفین کی شکایات کی مسلسل نگرانی کے ذریعے ابھرتے ہوئے خطرات نیز اُن شعبوں کی نشاندہی کی جاتی ہے جہاں مزید نگرانی کی ضرورت ہو۔ ان اقدامات کے ذریعے اسٹیٹ بینک بینکاری نظام پر اعتماد کو مزید مستحکم کرنے اور مالی خدمات کی ذمہ دارانہ فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
اسٹیٹ بینک کی انسدادِ منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام اور بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی فنانسنگ کے تدارک (اے ایم ایل/ سی ایف ٹی/ سی پی ایف) سے متعلق نگرانی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ بینک منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے موثر کنٹرولز نافذ کریں۔ خطرے پر مبنی نگرانی کے تحت، اسٹیٹ بینک متعلقہ اداروں کی قابلِ اطلاق اے ایم ایل / سی ایف ٹی قوانین، ضوابط اور بین الاقوامی معیارات پر عمل درآمد کا جائزہ لیتا ہے۔ نگرانی کے عمل کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے کہ زیرِ ضابطہ ادارے اے ایم ایل / سی ایف ٹی سے متعلق ذمہ داریوں پر کس حد تک موثر عمل کر رہے ہیں۔ ان ذمہ داریوں میں صارف کی ضروری مستعدی کی جانچ (Customer Due Diligence)، لین دین کی نگرانی، پابندیوں کی جانچ، ادائیگیوں میں شفافیت، مشتبہ لین دین کی رپورٹنگ شامل ہیں۔ اسٹیٹ بینک اداروں کے نظم و نسق، داخلی کنٹرولز اور اے ایم ایل / سی ایف ٹی خطرات کے انتظام سے متعلق تعمیل کی سرگرمیوں کی اثرانگیزی کا بھی جائزہ لیتا ہے۔ جن اداروں میں فطری (Inherent) اور بقایا (Residual) خطرات زیادہ ہوتے ہیں، ان کی نگرانی زیادہ توجہ سے کی جاتی ہے اور جن نقائص کی نشاندہی کی گئی ہو اُن کے ازالے کے لیے موثر فالو اَپ اقدامات کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ اے ایم ایل / سی ایف ٹی / سی پی ایف نگرانی کے ذریعے اسٹیٹ بینک ملک کے مالی نظام کی سالمیت اور تحفظ اور منی لانڈرنگ و دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق قومی اہداف کے حصول میں معاونت کرتا ہے۔
مالی استحکام اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا اہم وظیفہ (function) ہے۔ اس کے تحت اُن خطرات کی نشاندہی، جانچ اور مسلسل نگرانی کی جاتی ہے جو پاکستان کے مالی نظام کے استحکام کو متاثر کر سکتے ہیں۔ یہ شعبہ ،بینکاری نگرانی گروپ کے خطرات پر مبنی نگراں فریم ورک کے تحت کام کرتا ہے اور پورے مالی نظام کا تجزیہ کرکے بینکاری شعبے اور وسیع تر مالی منظرنامے میں ابھرنے والی خامیوں اور کمزوریوں کی بروقت نشاندہی کرتا ہے۔ یہ شعبہ مجموعی معاشی پیش رفت، باہم منسلک خطرات اور ساختی رجحانات کا جائزہ لیتا ہے، جو مالی اداروں اور مالی منڈیوں پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ دباؤ کی جانچ، خطرات کا جائزہ اور تجزیاتی مطالعات بھی انجام دیتا ہے تاکہ پالیسی سازی اور نگرانی سے متعلق فیصلوں کے لیے موثر معاونت فراہم کی جا سکے۔ اہم تجزیاتی نتائج کی مسلسل نگرانی اور بروقت تشہیر کے ذریعے اسٹیٹ بینک مالی نظام کی مضبوطی بڑھا کر اور مالی شعبے کے پائیدار استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اسٹیٹ بینک اُن اداروں کے خلاف نگرانی کے نفاذی اقدامات کرتا ہے جو قانونی یا ضوابطی تقاضوں کی تعمیل میں ناکام رہتے ہیں۔ جن میں جرمانے، انتظامی و مالی پابندیاں اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے / استغاثہ اداروں کو ریفرنس بھیجنا شامل ہے۔ نفاذی اقدامات کا انحصار ضوابطی خلاف ورزیوں کی نوعیت، شدت اور تسلسل، اور ادارے کو لاحق خطرات پر ہوتا ہے، اور یہ معمولی سے لے کر سخت نوعیت تک ہو سکتے ہیں۔مداخلت یا اصلاحی اقدامات کی نوعیت طے کرتے وقت ادارے کی انتظامیہ اور اسپانسرز کے رویے اور صلاحیت، نیز ماضی میں خامیوں سے نمٹنے کے ریکارڈ کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔نگرانی کے نفاذی اقدامات میں، دیگر امور کے ساتھ، اسٹیٹ بینک کی ٹیم کی جانب سے متعلقہ اہم ایگزیکٹوز، چیف ایگزیکٹو یا ادارے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہوتی ہیں۔
معمولی نوعیت کے نگرانی اور نفاذی اقدامات میں، اسٹیٹ بینک ادارے کو ہدایت دیتا ہے کہ وہ Commitment Letter، بورڈ ریزولوشنز یا Undertaking جمع کرائے، جس میں ادارے کی انتظامیہ / بورڈ اس امر کا عہد کرے کہ وہ مخصوص مدت کے اندر نشان زد خامیوں یا نقائص کو دور کرے گا۔اداروں کی جانب سے اصلاحی اقدامات پر عمل درآمد میں ناکامی شدید اصلاحی اقدامات کے آغاز کا سبب بنتی ہے۔ سخت اقدامات میں درج ذیل شامل ہو سکتے ہیں:
مسائل زدہ اداروں کےتصفیے کے رہنما اصولوں میں مسائل کی بروقت نشاندہی، بروقت مداخلت، موثر بہ لاگت ، معروضیت اور معیار کی یکسانیت، اخلاقی خطرات سے اجتناب اور شفافیت شامل ہیں۔گذشتہ برسوں کے دوران، اسٹیٹ بینک نے بینکاری بحرانوں اور ناکامیوں کو ایسے طریقوں کے ذریعے حل کیا ہے جو ڈپازٹرز کے مفادات کو زیادہ سے زیادہ تحفظ فراہم کرتے ہیں۔