افعال اور معیارات

ضوابطی سرمایہ اور اس کے افعال

مالی ضابطہ کار کسی بینک یا دیگر مالی اداروں کو اس سرمائے (جسے ضوابطی سرمایہ یاکفایتِ سرمایہ بھی کہا جاتا ہے) کو لازمی رکھنے کا پابند بناتے ہیں۔یہ سرمایہ بینک کو ہر طرح کے غیر بیمہ شدہ اور غیر ضمانت یافتہ خطرات سے بچانے کے لیے ہوتا ہے جو اسے خسارے سے دوچار کر سکتے ہیں۔ اس سرمائے کے بنیادی افعال درج ذیل ہیں:

  • مالی نظام میں کسی بھی نظامی کمزوریوں کا مقابلہ کرنا اور اس بات کو یقینی بنانا کہ بینکوں کے پاس غیر متوقع خسارے پر قابوپانے کے لیے خاطر خواہ بنیادی سرمایہ موجود ہو۔
  • اس بات کو یقینی بنانا کہ بینک اس حجم پر کام کرے جو کفایتِ حجم (economies of scale) کےاعتبار زیادہ سازگار ہو تاکہ معقول عملہ، فعال آئی ٹی انفراسٹرکچر اور شاخوں کا مناسب نیٹ ورک برقرار رکھا جا سکے۔
  • محتاط رویے کی ترغیب دلانے کے لیےاس بات کو یقینی بنانا کہ اسپانسرز یا مالکان کا بینک میں مالی حصہ کافی بڑا ہو ۔
  • ڈپازٹرز اور دیگر دعویداروں کی حفاظت کرنا۔
  • بیرونی سرمایہ کاروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کو ادارے کی مالی صحت اور قابلِ بھروسہ ہونے پر خاطر خواہ اعتماد دلانا۔

پاکستان میں ریگولیٹری سرمائے کے معیارات

پاکستان میں بینکوں، ترقیاتی مالی اداروں(ڈی ایف آئیز) اور مائیکرو فنانس بینکوں(ایم ایف بیز) کو درج ذیل سرمائے کے دو معیارات پر عمل کرنا ضروری ہوتاہے:

کم از کم سرمائے کی شرط

کم از کم سرمائے کی شرط وہ مطلق رقم ہے جو ادا شدہ سرمائے (paid up capital)/اختصاصی سرمائے (خسارہ منہا کر کے) کی صورت میں ہر بینک ، ترقیاتی مالی ادارے، مائیکروفنانس بینک کو برقرار رکھنی ہوتی ہے جسے اسٹیٹ بینک وقتاً فوقتاً مقرر کرتا ہے اور اس میں درج ذیل عناصر شامل ہیں:

  • مکمل ادا شدہ عام حصص سرمایہ یا اختصاصی سرمایہ ( برانچ کی صورت م
  • شیئر پریمیم اکاؤنٹ میں بیلنس
  • بونس حصص کے اجراکے لیے مخصوص
  • اسٹیٹ بینک سے منظور شدہ کوئی بھی دوسری قسم کا ذریعہ
  • منفی عام محفوظ / رعایتی حصص کے اجراپر
  • مجموعی خسارہ

تمام موجودہ مقامی طور پر قائم بینکوں کو 10 ارب روپے کاکم از کم سرمایہ برقرار رکھنا ضروری ہے۔ غیر ملکی بینکوں کی شاخوں کو 3 ارب روپے (5 یا اس سے کم شاخوں والے)، 6 ارب روپے (6 سے 50 شاخوں والے) اور 10 ارب روپے (50 سے زائد شاخوں والے)کا اخصاصی سرمایہ (خسارہ منہا کرکے)برقرار رکھنا ہوگا۔ترقیاتی مالی ادارے کم از کم6ارب روپے کا سرمایہ رکھنے کے پابند ہیں۔

قومی، صوبائی، علاقائی اورضلعی سطح پر کام کرنے والے مائیکروفنانس بینک بالترتیب 1,000 ملین روپے، 500 ملین روپے، 400 ملین روپے اور 300 ملین روپے کا کم از کم سرمایہ برقرار رکھنے کے پابند ہیں۔

شرح کفایت سرمایہ

شرح کفایت سرمایہ مالی اداروں کی کفایتِ سرمایہ کو لاحق خطرات جانچنے کا پیمانہ ہے اور اسے کُل اہل سرمائے(ٹی ای سی)اورمجموعی بہ وزن خطرہ اثاثے(ٹی آر ڈبلیوز) کے تناسب کے طور پرماپا جاتا ہے، جو فی الحال 10.25 فیصد مقرر ہے اور 31 دسمبر 2019ء تک بتدریج بڑھ کر 12.5فیصدتک پہنچ جائے گی، جوکہ بازل III ہدایات کے تحت بینکوں/ ترقیاتی مالی اداروں کے سرما ئے کے حفاظتی بفر کے لیے ہے ۔ مائیکرو فائنانس بینکوں کے لیے شرح کفایت سر مایہ کی شرط 15 فیصد ہے۔

بازل سرمایہ فریم ورک کی تاریخ

بازل I

بین الاقوامی سطح پر فعال بینکوں کی نگرانی کی بنیادرکھنے جانے کے بعد، جلد ہی کفایت سرمایہ کمیٹی کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ 1980ء کی دہائی کے اوائل میں لاطینی امریکہ کے قرضوں کے بحران نے کمیٹی کے اس اندیشے کو اور تقویت دی کہ بین الاقوامی خطرات میں اضافے کے اس دور میں بڑے بین الاقوامی بینکوں کے سرمائے کے تناسب میں مسلسل گراوٹ آ رہی ہے۔ G10 گورنرز کی مدد سے، کمیٹی کے اراکین نے اپنے اپنے بینکاری نظاموں میں سرمائے کے معیارات کو مزید کمزور ہونے سے روکنے اور کفایت سرما یہ کی پیمائش میں یکسانیت پیدا کرنے کا عزم کیا۔ اس کوشش کے نتیجے میں بینکوں کی،اندر اور باہر، بیلنس شیٹس کی دونوں سطحوں پر خطرات کی پیمائش کے لیے بہ وزن طریقہ کار پر وسیع تر اتفاقِ کیا گیا۔

کمیٹی کے اندر اس بات کا بھرپور ادراک تھا کہ بین الاقوامی بینکاری نظام کے استحکام کو مضبوط بنانے اور مختلف ملکوں کے سرمائے کے تقاضوں میں فرق کی وجہ سے پیدا ہونے والی مسابقتی ناہمواری دور کرنے کے لیے ایک کثیر الممالک معاہدہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ دسمبر 1987ء میں شائع ہونے والے ایک مشاورتی دستاویز پر موصول آرا کی روشنی میں، سرمائے کی پیمائش کا وہ نظام جسے عام طور پر بازل میثاق سرمایہ (میثاق1988ء) کے نام سے جانا جاتا ہے، G10 گورنرز نے منظور کیا اور جولائی 1988ء میں بینکوں کو جاری کر دیا۔

میثاق1988ء میں یہ لازم قرار دیا گیا کہ 1992ء کے اختتام تک سرمائے اور بہ وزن خطرہ اثاثوں کا کم از کم تناسب 8 فیصد ہونا چاہیے۔ آخرکار یہ فریم ورک نہ صرف رکن ممالک بلکہ تقریباً تمام ان ممالک میں بھی نافذ کیا گیا جہاں بین الاقوامی بینک فعال تھے۔ ہمیشہ سے اس میثاق کا مقصد یہ تھا کہ یہ وقت کے ساتھ ساتھ ارتقا پذیر رہے۔ چنانچہ نومبر 1991ء میں پہلی بار اس میں ترمیم کی گئی۔ اس ترمیم کے ذریعے عمومی احتیاطی نقد محفوظ یا عمومی قرض خسارہ ذخائر کی اس تعریف کو مزید واضح کیا گیا جنہیں کفایت سرما یہ کے حساب میں شامل کیا جا سکتا تھا۔ اپریل 1995ء میں کمیٹی نے ایک اور ترمیم جاری کی جو 1995ء کے آخر سے نافذ العمل ہونی تھی، تاکہ ماخوذہ مالی مصنوعات (derivative products)میں بینکوں کے اکتشافِ قرض کی دو طرفہ نیٹنگ کے اثرات کو تسلیم کیا جا سکے اور اضافی عوامل کے میٹرکس کو وسیع تر بنایا جا سکے۔ اپریل 1996ء میں ایک علیحدہ دستاویز جاری کی گئی جس میں یہ واضح کیا گیا کہ کمیٹی کے اراکین کثیر فریقی نیٹنگ کے اثرات کو کس انداز میں تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

کمیٹی نے اس فریم ورک کو کریڈٹ رسک کے علاوہ دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی فروغ دیا، کیونکہ 1988ء کی میثاق بنیادی طور پر قرض کے خطرے تک محدود تھی۔ جنوری 1996ء میں دو مرحلوں کے مشاورتی عمل کے بعد، کمیٹی نے معروف "مارکیٹ رسک ترمیم" جاری کی جو 1997ء کے آخر سے نافذ ہونی تھی۔ اس کا مقصد میثاق میں بیرونی زرمبادلہ، تجارتی قرض تمسکات، حصص، اجناس اور آپشنز میں بینکوں کے اکتشاف سے جنم لینے والے مارکیٹ خطرات کے لیے سرمائے کی شرط شامل کرنا تھا۔ مارکیٹ رسک ترمیم کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ بینکوں کو پہلی بار سخت مقداری اوروصفی معیارات کے تابع، اپنے مارکیٹ رسک کے سرمائے کے تقاضوں کی پیمائش کے لیے اندرونی ماڈلز (ویلیو ایٹ رسک ماڈلز) استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔ مارکیٹ رسک پیکیج کے لیے زیادہ تر ابتدائی کام تمسکات کے ضابطہ کار کے اشتراک سے انجام دیا گیا۔

بازل II

جون 1999ء میں کمیٹی نے 1988ء کی میثاق کی جگہ ایک نیا کیفایت سرمایہ فریم ورک تشکیل دینے کی تجویز پیش کی۔ اس کے نتیجے میں جون 2004ء میں نظرثانی شدہ کفایت سرمایہ کا فریم ورک جاری کیا گیا۔ عام طور پر "بازل II" کے نام سے موسوم یہ ترمیمی فریم ورک تین ستونوں پر مشتمل تھا، یعنی:I. کم از کم سرمائے کے تقاضے، جن کا مقصد 1988ء کی میثاق میں طے کردہ معیاری قوانین کی تشکیل اور انہیں وسعت دینا تھا۔II. کسی ادارے کی کفایت سرمایہ اور اندرونی تشخیصی عمل کا نگرانی جائزہ۔III. معلومات کے افشا کا موثر استعمال کرکےمنڈی کے نظم و ضبط کو مضبوط بنانے اور صحت مند بینکاری روایات کی حوصلہ افزائی ۔

یہ نیا فریم ورک اس لیے تشکیل دیاکیا گیا تاکہ ضوابطی سرمائے کے تقاضے بنیادی خطرات کی بہتر عکاسی کر سکیں اور حالیہ برسوں میں رونما ہونے والی مالی جدت طرازی کا موثر طریقے سے احاطہ کیا جا سکے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد خطرات کی پیمائش اور انضباطی عمل میں مسلسل بہتری کی حوصلہ افزائی اور اسے سراہنا تھا۔ جون 2004ء میں اس فریم ورک کی اشاعت تقریباً چھ سال کی کڑی محنت اور تیاری کا نتیجہ تھی۔ اس عرصے میں بازل کمیٹی نے بینکاری شعبے کے نمائندوں، نگران اداروں، مرکزی بینکوں اور بیرونی مبصرین سے وسیع پیمانے پر مشاورت کی تاکہ کہیں زیادہ خطرے سے ہم آہنگ سرمائے کے تقاضے وضع کیے جا سکیں۔

جون 2004ء کے اجراکے بعد، جس کا مرکزی موضوع بینکنگ بُک تھا، کمیٹی نے اپنی توجہ ٹریڈنگ بُک کی طرف مبذول کی۔ بین الاقوامی ادارہ برائے سیکیورٹیز کمیشنز(IOSCO)کے ساتھ قریبی تعاون سے، کمیٹی نے جولائی 2005ء میں ایک مشترکہ دستاویز شائع کی جو نئے فریم ورک کے تحت بینکوں کی ٹریڈنگ بکس کے ضابطے کا تعین کرتی تھی۔ آسانی کے لیے یہ نئی دستاویز جون 2004ء کی دستاویز میں ضم کر دی گئی اور جون 2006ء میں ایک جامع دستاویز کی صورت میں جاری کی گئیں: "بازل II: سرمائے کی پیمائش اور سرمائے کے معیارات کی بین الاقوامی ہم آہنگی — ایک نظرثانی شدہ فریم ورک، جامع ورژن"۔

ازل III

ستمبر 2008ء میں لیہمن برادرز کے انہدام سے بھی پہلے یہ واضح ہو چکا تھا کہ بازل II فریم ورک کی بنیادمضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ ضرورت سے زیادہ قرضوں کے بوجھ اور ناکافی سیال ذخائر کے باعث بینکاری شعبہ مالی بحران کا شکار ہوگیا تھا۔ ان نقائص کے ساتھ ساتھ کمزور نظم و نسق اور خطرے کے ناقص انتظام کے ساتھ ساتھ غیر موزوں ترغیباتی ڈھانچے بھی موجود تھے۔ قرضوں اور سیالیت کی غلط قیمت بندی ،اور قرضوں کی ضرورت سے زیادہ نمو ان عوامل کے خطرناک امتزاج کا مظہر تھی ۔

ان خطرات کے جواب میں، بازل کمیٹی نے لیہمن برادرز کے دیوالیہ ہونے والے مہینے میں ہی سیالی خطرات(liquidity risk) کے مناسب انتظام اور نگرانی کے اصول جاری کیے۔ جولائی 2009ء میں کمیٹی نے بازل II کے سرمائے کے فریم ورک کو تقویت دینے کے لیے مزید دستاویزات کا ایک مجموعہ جاری کیا، جس میں خاص طور پر پیچیدہ سیکیورٹائزیشن پوزیشنز، آف بیلنس شیٹ گاڑیوں اور ٹریڈنگ بُک اکتشافات کے ضابطے پر زور دیا گیا۔ مالی بحران کی روشنی میں سامنے آنے والی کمزوریوں کے باعث یہ اقدامات بین الاقوامی سطح پر فعال بینکوں کی نگرانی اور ضابطے کو مستحکم کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ تھے۔

ستمبر 2010ء میں گورنرز اور نگرانی کے سربراہان کے گروپ نے تجارتی بینکوں کے لیے کم از کم سرمائے کے بلند عالمی معیارات کا اعلان کیا۔ یہ اعلان جولائی میں سرمائے اور سیالی اصلاحات کے مجموعی ڈھانچے پر ہونے والے اتفاقِ رائے کے بعد ہوا جسے اب ’’بازل III ‘‘ کہا جاتا ہے۔

تجویز کردہ معیارات کمیٹی کی طرف سے دسمبر 2010 ءکے وسط میں جاری کیے گئے تھے (اور بعد میں ان میں ترمیم کی گئی ہے)۔ دسمبر 2010 کے بازل III بین الاقوامی فریم ورک برائے سیالی خطرے کی پیمائش، معیارات اور نگرانی، اور Basel III زیادہ مضبوط بینکوں اور بینکاری نظام کے لیے عالمی ضوابطی فریم ورک میں بیان کیے گئے تھے۔ بہتر بازل فریم ورک نے Basel II کے قائم کردہ تین ستونوں پر دوبارہ نظر ثانی کرکے انہیں مضبوط بنایا۔ اس نے چند جدید اختراعات کے ساتھ فریم ورک کو بھی بڑھایا، یعنی:

  • مشترکہ سیالیت کی اضافی تہہ — سرمائے کے تحفظ کا بفر — جس کے زائل ہونےپر کم از کم مشترکہ سیالیت کے تقاضے کی حفاظت کے لیے منافع کی تقسیم رک جاتی ہے۔
  • سرمائے کا معکوس بفر، جو قرضوں کے وسیع پیمانے پرعروج کے دور میں بینکوں کی شرکت کو محدود کرتا ہے تاکہ قرضوں کے بحران میں ان کے نقصانات کم کیے جا سکیں۔
  • لیوراج تناسب– خسارہ برداشت کرنے والے کم از کم سرمایے کی مقدار جو بینک کے تمام اثاثوں اور آف-بیلنس شیٹ دکھانے کے مقابلے میں ہو، باوجوداس کے کہ خطرہ کتنا وزنی ہے (جسے 'سرمائے کی پیمائش' (numerator) کے طور پر بیان کیا گیا ہے) کو 'اکتشافی پیمائش' (denominator) سے تقسیم کر کے فیصد کے طور پر ظاہر کیا جاتا ہے۔
  • سیالی تقاضے - کم از کم سیالی تناسب، سیالی کوریج تناسب، جس کا مقصد 30 دن کی دباؤ والی مدت میں فنڈنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے خاطر خواہ نقد رقم فراہم کرنا ہے، اور ایک طویل مدتی تناسب، مستحکم فنڈنگ تناسب کا خالص، جس کا مقصد پوری بیلنس شیٹ پر عرصیتوں کے عدم توازن کو درست کرنا ہے۔
  • نظامی اعتبار سے اہم بینکوں کے لیے اضافی تجاویز، جن میں ضمنی سرمائے، مشروط سرمائے میں اضافے اور سرحد پار نگرانی و تصفیے کے مضبوط انتظامات کے تقاضے شامل ہیں۔

سرمائے کی سخت تعریفیں، کم از کم تناسبوں میں نمایاں اضافہ اور محتاطیہ حفاظتی تہہ کا تعارف بینکاری ضابطے میں ایک بنیادی تبدیلی کی نمائندگی کرتا ہے۔ ساتھ ہی، بازل کمیٹی اور G20 رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اصلاحات اس انداز میں متعارف کرائی جائیں گی جو حقیقی معیشت کی بحالی میں رکاوٹ نہ بنے۔

اس کے ساتھ ساتھ، نئے عالمی متفقہ معیارات کی روشنی میں ملکی قانون سازی کے لیے وقت درکار ہے۔ ان تحفظات کے پیشِ نظر، ستمبر 2010ء میں نئے معیارات کے لیے عبوری انتظامات کا اعلان کیا گیا، تاہم ملکی حکام جہاں مناسب سمجھیں اعلیٰ معیارات نافذ کرنے اور عبوری مدت کم کرنے میں آزاد ہیں۔

سرمائے کی مضبوط تعریف پانچ سالوں میں بتدریج نافذ کی جائے گی: 2013ء میں جو تقاضے متعارف کرائے گئے انہیں 2017ء کے آخر تک مکمل طور پر نافذ ہو جانا چاہیے۔ جو سرمائے کے آلات اب مشترکہ ایکویٹی سطح ،1 یاسطح 2 سرمائے کے طور پر اہل نہیں رہے، انہیں یکم جنوری 2013ء سے شروع ہونے والی 10 سالہ مدت میں بتدریج ختم کیا جائے گا۔

پاکستان میں بازل سرمایہ فریم ورک کا نفاذ

بازل I

اسٹیٹ بینک نے نومبر 1997 ءمیں بی پی آر ڈی سرکلر نمبر 36 کے ذریعے بازل I نافذ کیا۔ تاہم یہ رہنما اصول صرف بینکوں کو درپیش قرض کے خطرے کا احاطہ کرتے تھے۔ بعد ازاں اگست 2004 ءمیں بی ایس سرکلر نمبر 12 کے ذریعے بازل I فریم ورک کا ایک اور ورژن متعارف کرایا گیا جس میں مارکیٹ رسک کے لیے بہ وزن خطرہ اثاثوں کے حساب کے لیے معیارات بھی شامل کیے گئے۔

بازل II

اسٹیٹ بینک نے 2008 میں بی ایس ڈی سرکلر نمبر 8 (جون 2006ء) کے ذریعے بازل II نافذ کیا۔ جس میں بینکوں کو ہدایات دی گئیں کہ وہ پہلے ستون کے تحت قرض، مارکیٹ اور آپریشنل خطرات کےعوض اپنے خطرے پر مبنی سرمائے(شرح کفایت سرمایہ) کا حساب لگائیں جبکہ باقی خطرات کا احاطہ دوسرے ستون کے تحت کیا جائے۔

بازل III

اسٹیٹ بینک نے 31 دسمبر 2013 ءسے 31 دسمبر 2019 ءتک مرحلہ وار بازل III نافذ کیا جس میں شرح کفایت سرمایہ + CCB کی شرائط کو 10فیصد سے بتدریج بڑھاکر 12.50فیصدکردیا گیا ہے۔

عمومی سوالات