مالی بازار کا ڈیٹا
مزید دیکھیں
اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملک کے مالی بازار کی سرگرمیوں کو ہموار ، مستحکم اور اس کی ترقی کو یقینی بنانے میں مرکزی اور بطورِ نگران کردار ادا کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک بنیادی طور پر اپنی زری پالیسی کا نفاذ بازار ہائے زر اور مبادلہ کے ذریعے کرتا ہے۔ اسٹیٹ بینک زری پالیسی مرتب اور نافذ کرتا ہے جس کا بنیادی مقصد قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ ایک قانونی زری پالیسی کمیٹی پالیسی ریٹ کا تعین کرتی ہے۔ زری پالیسی کے بازار پر مبنی نفاذی نظام کے تحت، بازار میں سیالیت کی دستیابی کو بازارِ زر کے سودوں(OMOs) اور شرحِ سود کی راہداری جیسی سہولیات کے ذریعے اس انداز سے منظم کیا جاتا ہے کہ بازارِ زر کی شبینہ ریپو ریٹ پالیسی ریٹ کے قریب رہے۔اسٹیٹ بینک بینکوں اور مالی اداروں کی نگرانی اور ضابطہ کاری بھی کرتا ہے۔ مزید برآں، یہ حکومت کے بینکار کے طور پر ٹریژری بلز، پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (PIBs) اور صکوک جاری کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، اسٹیٹ بینک بازارِ مبادلہ کو بھی منظم کرتا ہے، شرحِ مبادلہ سے متعلق کارروائیوں انجام دیتا ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر برقرار رکھتا ہے۔ مالی بازار میں اصلاحات اور نئے آلات کے اجرا کے ذریعے، اسٹیٹ بینک پاکستان میں زر، بانڈ اور اسلامی مالی بازاروں کے ترقی کو بھی فروغ دیتا ہے ۔
انویسٹ پاک ایک ڈجیٹل پلیٹ فارم ہے جو انفرادی اور کارپوریٹ صارفین کے لیے حکومتی تمسکات میں سرمایہ کاری کے عمل کو ڈجیٹل بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ پورٹل سرمایہ کاروں کو حکومتی تمسکات ایم ٹی بیز اور پی آئی بیز تک محفوظ، شفاف اور موثر رسائی فراہم کرتا ہے، جس کے ذریعے بروقت معلومات کی فراہمی اور سرمایہ کاری کے عمل کی آسان تکمیل ممکن بنائی جاتی ہے۔ حکومتی تمسکات میں سرمایہ کاری سے متعلق تفصیلی رہنما اصول اس لنک پر دستیاب ہیں:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان حکومتِ پاکستان کی جانب سے قابلِ فروخت حکومتی تمسکات کی کثیر النرخ نیلامیوں کا انعقاد پہلے سے اعلان کردہ نیلامی کیلنڈر کے مطابق کرتا ہے۔ یہ نیلامی کیلنڈر حکومت کی جانب سے طے کیا جاتا ہے اور اسٹیٹ بینک کے ذریعے مارکیٹ تک بلومبرگ، ریفینٹیو اور اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے۔ مارکیٹ ٹریژری بلز (MTBs) کی نیلامیاں ہر پندرہ روز بعد منعقد کی جاتی ہیں، جبکہ پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (PIBs) کی نیلامیاں ضرورت کے مطابق کی جاتی ہیں۔ نیلامیاں بدھ کے روز منعقد ہوتی ہیں اور تصفیہ T+1 کی بنیاد پر، یعنی اگلے روز جمعرات کو کیا جاتا ہے۔ حکومتی تمسکات (ایم ٹی بیز اور پی آئی بیز)کی نیلامیوں میں پرائمری ڈیلرز اور اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز شرکت کے اہل ہوتے ہیں۔ شریعت سے ہم آہنگ جی آئی ایس اور اسلامی صکوک کے لیے تمام اسلامی بینکس اور روایتی بینکوں کی اسلامی بینکاری شاخیں اپنے صارفین کی جانب سے اسلامی پرائمری ڈیلرز کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
نیلامی کے کیلنڈر میں نیلامی اور تصفیے کی تاریخیں، عرصیت کی رقم اور نیلامی کی رقم کا ہدف شامل ہوتا ہے۔ یہ کیلنڈر ہر ماہ کے آغاز میں اگلے تین ماہ کے لیے جاری کیا جاتا ہے اور اسٹیٹ بینک کی ویب سائٹ، بلومبرگ اور ریفینٹیو پر دستیاب ہوتا ہے۔ نیلامی کے نتائج، بشمول قطع یافت/قبول کردہ رقوم ، حکومت کی جانب سے طے کیے جاتے ہیں اور نیلامی کے روز ہی اسٹیٹ بینک منڈی میں اس کا اعلان کردیتا ہے ۔
| سیریل نمبر | نام | |
|---|---|---|
| پرائمری ڈیلرز (Primary Dealers) | ||
| 1 | یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ | |
| 2 | بینک الفلاح لمیٹڈ | |
| 3 | نیشنل بینک آف پاکستان | |
| 4 | حبیب بینک لمیٹڈ | |
| 5 | حبیب میٹروپولیٹن بینک لمیٹڈ | |
| 6 | ایم سی بی بینک لمیٹڈ | |
| 7 | دی بینک آف پنجاب | |
| 8 | پاک اومان انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ | |
| 9 | جے ایس بینک لمیٹڈ | |
| 10 | سٹی بینک این اے، پاکستان برانچ | |
| اسپیشل پرپز پرائمری ڈیلرز (Special Purpose Primary Dealers) | ||
| 1 | سینٹرل ڈپازٹری کمپنی لمیٹڈ | |
| 2 | نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان | |