وفاقی حکومت نے صنفی شمولیتی مالیات کو فروغ دینے کے عزم کے تحت، کاروباری خواتین کی مالیات تک رسائی اور ان کی معیشت میں نمائندگی بہتر بنانے کے لیے ویمن انکلوسیو فنانس سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام(ڈبلیو آئی ایف ایس ڈی پی) کا آغازکیا ہے۔ جس میں پالیسی اصلاحات، قرضہ سہولتیں، اور خواتین کے لیے مائکرو فنانس قرضہ ضمانت کی سہولت (ڈبلیو ایم سی جی ایف)جیسے اجزا شامل ہیں۔ توقع ہے کہ یہ پروگرام کاروباری خواتین کی مالیات تک رسائی کو بہتر بنانے اور اس طرح ایک زیادہ جامع مالی شعبے کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔
وفاقی حکومت نے خواتین کے لیے مائکرو فنانس قرضہ ضمانت کی سہولت کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے، ویمن انکلوسیو فنانس سپورٹ فنڈ(ڈبلیو آئی ایف ایس ایف) ٹرسٹ قائم کردیا ہے، جس کا ٹرسٹی اسٹیٹ بینک ہے۔ ٹرسٹ ہذٰا ،ویمن انکلوسیو فنانس سپورٹ فنڈ اور خواتین کے لیے مائکرو فنانس قرضہ ضمانت کی سہولت کے تحت موجودہ قرضوں کا انتظام کرے گا۔ خواتین کے لیے مائکرو فنانس قرضہ ضمانت کی سہولت کے تحت، کاروباری خواتین کو قرض دینے والی غیر بینک مائکروفنانس کمپنیوں اور غیربینک مالی کمپنیوں کی فنانسنگ کرنے والے بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کو ان کے پہلے خسارےپر پورٹ فولیو کی 25 فیصد رقم کے تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے تاکہ ان اداروں کو بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں سے درکار فنانسنگ میں مدد مل سکے۔
بینکوں/ترقیاتی مالی اداروں کو یہ ترغیب دلائی جاتی ہے کہ وہ ضمانتی اختصاص کی حدود متعین کرنے کے لیے اس سرکلر کے اجرا کے بعد 30 یوم تک ضمیمہ I میں دی گئی تفصیلات اور اسکیم کی شرائط و ضوابط کے تحت اسٹیٹ بینک میں درخواستیں جمع کرائیں۔