ہمارے بارے میں
شعبہ کرنسی اور اکاؤنٹس (سی اے ڈی) کا کام اعلیٰ معیار کے بینک نوٹ، سکّوں، قومی انعامی بانڈز اور سیونگز سرٹیفکیٹس کی پاکستان بھر میں بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ کیش آپریشنز، کرنسی اکاؤنٹنگ، کرنسی کے معائنے اور کرنسی کو تلف کرنا اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں، جو اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی) کے فیلڈ دفاتر میں نصب بینک نوٹ کی پروسیسنگ و تصدیق کے جدید نظام اور بینک نوٹ ڈس انٹیگریشن سسٹمز کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں۔ اس سلسلے میں سی اے ڈی فعالیت کے ساتھ ڈجیٹائزیشن اور خودکاریت (آٹومیشن) کو آگے بڑھا رہا ہے اور مضبوط کنٹرولز کے تحت انسانی مداخلت کو کم سے کم کر رہا ہے۔
سی اے ڈی اس امر کی بھی نگرانی کرتا ہے کہ کمرشل بینک اسٹیٹ بینک کی ان ہدایات کی پابندی کریں جو انتظامِ زر (کرنسی مینجمنٹ ) کی حکمتِ عملی اور بینک نوٹ پیکنگ کے بارے میں جاری کی گئی ہیں۔ کیش مانیٹرنگ کی خصوصی ٹیمیں اس نگرانی میں مدد دیتی ہیں۔ سی اے ڈی اپنے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے عوام کو بینک نوٹوں کی حفاظتی خصوصیات کے بارے میں آگاہی فراہم کرتا ہے ، جبکہ انتظامِ زر کی حکمتِ عملی اور بینک نوٹ پیکنگ کے بارے میں کمرشل بینکوں کو آگاہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ شعبہ وفاقی و صوبائی سطح پر حکومت کو متبادل ترسیلی ذرائع (اے ڈی سی)کے استعمال پر آگاہی دیتا ہے ۔
سی اے ڈی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرتا ہے اور یہ جدید آلات اور ایک مخصوص فرانزک لیبارٹری کے ذریعے اپنی تشخیصی صلاحیت کو مزید بڑھا رہا ہے۔
ایس بی پی- بی ایس سی کا شعبہ کرنسی اور اکاؤنٹس حکومت کے اکاؤنٹس کی دیکھ بھال، ان کی یکجائی اور رپورٹنگ کرتا ہے۔ یہ بی ایس سی کے مالی گوشوارے بناتا، سالانہ محاصل اور کیپٹل بجٹوں کی تیاری اور ان کی نگرانی کرتا ہے، اور یہی بی ایس سی کے (طبیعی و سسٹم ڈیٹا دونوں) اثاثہ جات کی دیکھ بھال کا بھی ذمہ دار ہے۔ یہ شعبہ بے دعویٰ ڈپازٹس اور سرمایہ کاری پورٹ فولیو کا بھی انتظام کرتا ہے۔