اسٹیٹ بینک کے بارے میں/ ڈپٹی گورنرز 



محترمہ سیما کامل
ڈپٹی گورنر، بینک دولت پاکستان

محترمہ سیما کامل کو وفاقی حکومت کی جانب سے 25 اگست 2020ء کو 3 سال کی مدت کے لیے اسٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر مقرر کیا گیا۔ انھوں نے 26 اگست 2020ء کو اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

محترمہ کامل اسٹیٹ بینک کی ڈپٹی گورنر کی حیثیت سے تقرر پانے والی پہلی خاتون ہیں۔ وہ برانچ بینکنگ، ایس ایم ایز، دیہی ، صارفی اور کارپوریٹ فنانسنگ اور سرمایہ کاری بینکاری سمیت کمرشل بینکاری کے مختلف شعبوں میں 35 سال سے زائد کے تجربے کی حامل ہیں۔ وہ کارپوریٹ بینکنگ اور رسک مینجمنٹ کے شعبوں میں امریکن ایکسپریس بینک ، اے این زیڈ گرینڈلیز بینک اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سمیت مختلف بین الاقوامی بینکوں میں کام کرچکی ہیں۔

اسٹیٹ بینک میں شمولیت سے قبل محترمہ کامل نجی شعبے کے کسی کمرشل بینک- یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ میں تعینات ہونے والی پہلی خاتون صدر تھیں۔ قبل ازیں، انھوں نے حبیب بینک لمیٹڈ کی سینئر مینجمنٹ کی مختلف سطح پر ، بشمول سربراہ برائے کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ اور پھر سربراہ بطور برانچ بینکنگ ، 16 سال تک خدمات سرانجام دیں۔ محترمہ کامل فرسٹ مائیکرو فنانس بینک کی ڈائریکٹر کی حیثیت سے مائیکرو فنانس کے ساتھ بھی کئی برسوں تک منسلک رہیں۔

محترمہ کامل نے برطانیہ کی کنگسٹن یونیورسٹی سے کاروبار میں ڈگری اور سٹی یونیورسٹی ، لندن سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ 2019ء میں ، کنگسٹن یونیورسٹی ، یوکے نے بینکنگ کے شعبے میں نمایاں شراکت اور کاروباری قیادت میں شمولیت کی اعانت کے اعتراف میں انھیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔

وہ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) ، کراچی سے سند یافتہ ڈائریکٹر بھی ہیں۔