اسٹیٹ بینک کے بارے میں/ کیریئر گورنرز 

سابق گورنر



جناب ڈاکٹر رضا باقر


ڈاکٹر رضا باقر  کو  صدر پاکستان نے عہدہ سنبھالنے کے دن سے تین سال تک کی مدت کے لیے  4 مئی 2019ء کو گورنر بینک دولت پاکستان مقرر کیا۔ آپ نے 5 مئی 2019ء  کو ذمہ داریاں سنبھالیں۔

عہدہ سنبھالنے کے بعد سے گورنر باقر نے ملک میں مالی اور زری استحکام کی نگرانی اور پائیدار معاشی نمو کو فروغ دینے کی اپنی باقاعدہ ذمہ داریوں کے علاوہ ، اسٹیٹ بینک میں کئی اہم نئے اقدامات بھی کیے۔ کووڈ 19 کے جواب میں ایک جارحانہ ، مبنی برہدف اور بروقت معاشی امدادی پیکیج ؛  بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ڈجیٹل طور پر  پاکستان کے بینکاری نظام میں شامل کرنے  اور انھیں  رسمی ذرائع سے  پاکستان میں رقوم لانے اور سرمایہ کاری کی  ترغیبات کی فراہمی کے لیے روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ  کا اقدام ؛   تیز ادائیگی کے  نظام  راست (Raast) سمیت پاکستان میں مالی خدمات کی ڈجیٹلائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ادائیگی کی قومی حکمت عملی کا آغاز اور نفاذ؛  بالخصوص  معاشرے کے کم آمدنی والے طبقات کے لیے تعمیر اور مکاناتی  مالکاری کو فروغ دینے کے لیے جامع پروگرام کی تشکیل؛  مالی شمولیت میں، بالخصوص صنفی فرق کو کم کرنے کے لیے مساوات پر بینکاری کے نام سے  ایک خصوصی پالیسی کی تشکیل ،کے ساتھ ساتھ متعدد دیگر اقدامات ان میں شامل ہیں۔

اس تقرر سے قبل، ڈاکٹر باقر  اٹھارہ سال آئی ایم ایف اور دو سال عالمی بینک میں کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ  اگست 2017ء سے مصر میں آئی ایم ایف کے دفتر کے سربراہ اور سینئر مقیم نمائندے تھے۔ ڈاکٹر باقر رومانیہ اور بلغاریہ میں آئی ایم ایف کے مشن چیف ، آئی ایم ایف کے ڈیٹ پالیسی ڈویژن ، اسٹرےٹجی، پالیسی اور  ریویو ڈپارٹمنٹ کے ڈویژن چیف،  چار سال تک پیرس کلب میں آئی ایم ایف وفد کے سربراہ، اور  ابھرتی ہوئی منڈیوں میں  آئی ایم ایف کے قرضوں اور پالیسیوں کی نگرانی  کرنے والے  آئی ایم ایف کے ایمرجنگ مارکیٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈویژن چیف سمیت  متعدد دیگر عہدوں پر بھی فائز رہے۔

ڈاکٹر باقر کئی بین الاقوامی تنظیموں کے بر بنائےعہدہ  ​​رکن ہیں۔ وہ ایشین کلیئرنگ یونین کے بورڈ آف ڈائریکٹرز ، اقتصادی تعاون تنظیم ٹریڈ اینڈ  ڈویلپمنٹ بینک  ، کونسل برائے اسلامی مالی خدمات(آئی ایف ایس بی)  ، مالی  استحکام  کے علاقائی مشاورتی گروپ  برائے ایشیا کے بورڈ آف گورنرز اور آئی ایم ایف کے بورڈ آف گورنرز میں  بینک دولت  پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔  انہیں 2022ء کے لیے معزز اسلامی مالی  خدمات بورڈ کی جنرل اسمبلی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ عالمی اور قومی اقتصادی مسائل پر ڈاکٹر باقر کے خیالات کو بین الاقوامی میڈیا آؤٹ لیٹس بشمول سی این این ، بلوم برگ اور سی این بی سی متعدد بار  نشر کرچکے ہیں۔

ڈاکٹر باقر کی تحقیق جرنل آف پولیٹیکل اکانومی اور کوارٹرلی جرنل آف اکنامکس سمیت شعبۂ معاشیات کے  صف اوّل کے جرائد  میں شائع ہوچکی ہے۔ ڈاکٹر باقر یونیورسٹی آف کیلیفورنیا  برکلے سے معاشیات میں پی ایچ ڈی اور ہارورڈ یونیورسٹی سے معاشیات میں اے بی (میگنا کم لاڈ) کی اسناد رکھتے ہیں۔


سابق گورنرز (اسٹیٹ بینک کے سابق گورنروں کے بارے میں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں)