تقریبات 


بینک دولت پاکستان نے 14 اگست 2017ء کو اسٹیٹ بینک کے صدر دفتر آئی آئی چندریگر روڈ کراچی میں پاکستان کی آزادی کی سترویں سالگرہ منائی۔
یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز قرآن حکیم کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ بجایا گیا۔ صبح نو بجے زوردار تالیوں کے درمیان گورنر اسٹیٹ بینک جناب طارق باجوہ نے پرچم کشائی کی۔
افتتاحی خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے یوم آزادی پر حاضرین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم تحریک پاکستان کے ان تمام معروف اور غیرمعروف ہیروز کے احسان مند ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آزادی کی منزل حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اداروں پرمشتمل معاشی نظام ہی ترقی کی ضمانت ہوتا ہے۔گورنر نے پاکستان کی معیشت کی کامیابیوں اور مشکلات کا بھی ذکر کیا۔

اپنے خطاب کے بعد گورنر نے عجائب گھر اور آرٹ گیلری میں خصوصی نمائش کا افتتاح کیا۔ خصوصی نمائش کا اہتمام اسٹیٹ بینک میوزیم اور آرٹ گیلری نے کیا تھا جو اس اعتبار سے منفرد تھی کہ یہ دو نمائشوں پر مشتمل تھی: ایک میں 1947ء سے 2014ء تک اخبارات کے تراشوں کے ذریعے پاکستان کی تاریخ دکھائی گئی تھی جبکہ دوسری نمائش میں 1947ء سے 2017ء تک نادر تصویروں کے ذریعے پاکستان کی سیاسی تاریخ پیش کی گئی تھی۔ نمائش میں بلائنڈ ریسورس فاؤنڈیشن نے بھی بصارت سے محروم بچوں کی کھینچی ہوئی تصویریں پیش کی گئیں۔ بلائنڈ فوٹوگرافی ایک نابینا فوٹوگرافر اور ایک معاون پر مشتمل ہوتی ہے جس کے ساتھ فوٹوگرافر کا قریبی پیشہ ورانہ ربط ہوتا ہے۔ مختلف فوٹوگرافروں کا تخلیقی عمل مختلف ہوتا ہے تاہم عموماً فوٹوگرافرا اور اس کے معاون کے درمیان پورے عمل کے دوران مکالمہ جاری رہتا ہے۔

گورنر نے گوگل کلچرل انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے گوگل پر اسٹیٹ بینک میوزیم کے نوادرات کی نمائش کا افتتاح بھی کیا۔ یہ ایک ورچوئل اسپیس ہے جہاں پوری دنیا کے ناظرین کے لیے ثقافت کے تمام رنگ پیش کیے جاتے ہیں۔ آخر میں ڈپٹی گورنرز، ایم ڈی بی ایس سی، ترجمان اعلیٰ، ڈائریکٹر آئی بی ایس ڈی اور دیگر کے ہمراہ گورنر نے آزادی کیک بھی کاٹا۔


گورنر کا خطاب
گورنر اسٹیٹ بینک نابینا طلبہ و طالبات کو اسناد تقسیم کرتے ہوئے