مقیم پاکستانیوں کے لیے روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ
مقیم پاکستانی جنہوں نے اپنے بیرون ِملک اثاثےایف بی آر پر ظاہر کردیے ہوں وہ غیرملکی کرنسی میں اپنا روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ کھلواسکتے ہیں ۔ اس اکاؤنٹ سے انہیں دوسری سہولتوں کے علاوہ یہ سہولت ہوگی کہ وہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں امریکی ڈالر ، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ یہ حکومتِ پاکستان کے نئے قرضہ تمسکات (debt securities) ہیں جو مختلف عرصیتوں پر پُرکشش منافع دیتے ہیں ۔
1۔ شریکِ کار بینکوں کی برانچ جائیے۔ اِن شریکِ کار بینکوں میں سے کسی بینک کی پاکستان میں موجود برانچ تشریف لے جائیے: بینک الفلاح، فیصل بینک، حبیب بینک، ایم سی بی، میزان بینک، سامبا بینک، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ، دبئی اسلامک بینک، حبیب میٹروپولیٹن بینک، بینک الحبیب اور یو بی ایل۔
2۔ معمول کے طریقہ کار پر عمل کیجیے۔ مقیم پاکستانیوں کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کا جو معمول کا طریقہ کار ہے اس پر عمل کیا جائے گا۔
3۔ ٹیکس گوشوارہ یا دستخط شدہ حلف نامہ دیجیے۔بینکوں کو نیا اکاؤنٹ کھولنے کے لیے جن مقررہ دستاویزات کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ ’اپنے صارف کو پہچانیے/ ضروری مستعدی‘ کے تقاضے پورے کریں ، اُن کے علاوہ آپ اِن دو میں سے کوئی ایک دستاویز جمع کرائیں (i)تازہ ترین ویلتھ اسٹیٹمنٹ جو ایف بی آر کو جمع کرایا گیا ہو، اور جس میں بیرونِ ملک آپ کے اثاثے ظاہر کیے گئے ہوں، یا (ii) دستخط شدہ حلف نامہ جس میں بیرونِ ملک آپ کے اثاثوں کی مالیت بیان کی گئی ہو اور وہ اثاثے ایف بی آر کو جمع کرائے گئے تازہ ترین ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں ظاہر کیے گئے ہوں۔
4۔ مشترکہ اکاؤنٹ کی سہولت۔ یہ اکاؤنٹ کسی مقیم پاکستانی کے ساتھ مشترک طور پر کھولا جا سکتا ہے۔
- اکاؤنٹ میں رقم ڈالنا۔ اس اکاؤنٹ میں ترسیلات کی وہ رقم ڈالی جا سکتی ہے جو بیرونِ ملک سے بذریعہ بینک پاکستان بھجوائی گئی ہو۔ مقامی ذرائع سے حاصل کردہ رقم اکاؤنٹ میں ڈالنے کی اجازت نہیں۔
- بینکاری سہولتیں۔ وہ تمام بینکاری سہولتیں جو ڈجیٹل ذرائع سے انجام دینے کی اجازت ہے اس اکاؤنٹ کے لیے بھی دستیاب ہوں گی، مثلاً انٹرنیٹ / موبائل بینکاری، اے ٹی ایم/ ڈیبٹ کارڈ۔ اگر ضرورت ہو تو بینک اپنے اکاؤنٹ ہولڈر کو چیک بک بھی جاری کر سکتا ہے۔
- سرمایہ کاری ۔ اس اکاؤنٹ کو غیر ملکی کرنسی والی حکومتِ پاکستان کی قرضہ تمسکات میں سرمایہ کاری کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ، خاص طور پر امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹ ، اس کے ساتھ ساتھ بینکوں کی فارن کرنسی ڈپازٹ اسکیموں میں۔ ان سرمایہ کاریوں سے ملنے والا منافع اور اخراجِ سرمایہ کی رقم بھی اکاؤنٹ میں بھیجی جا سکتی ہے۔
- ادائیگی ۔ پاکستان میں یا بیرونِ ملک کسی بھی فرد کو رقم کی منتقلی اور ادائیگی کی اجازت ہے۔
- رقم نکلوانا۔ اس اکاؤنٹ سے رقم نکلوائی جا سکتی ہے خواہ بیرونی کرنسی میں یا اس کے مساوی پاکستانی روپوں میں ۔
- رقم کی مکمل واپسی۔ اس اکاؤنٹ سے رقوم کسی بھی وقت، اور اسٹیٹ بینک یا بینک سے پیشگی منظوری لیے بغیر بیرونِ ملک بھجوائی جا سکتی ہیں۔