بیرونِ ملک مقیم پاکستانی افراد ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی کو روشن پنشن پلان کے تحت
مالی طور پر محفوظ بنا سکتے ہیں
پاکستان میں پہلی مرتبہ بینک دولت پاکستان (اسٹیٹ بینک) نے روشن پنشن پلان (RPP) متعارف کرایا ہے۔ یہ غیر مقیم پاکستانیوں (NRP) اور پاکستان اوریجن کارڈ (POC) ہولڈرز کے لیے ایک خصوصی پراڈکٹ ہے جس کے ذریعے وہ پاکستان میں اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کو مالی لحاظ سے محفوظ بنانے کے لیے ڈجیٹل طور پر اور دوردراز مقام سے روشن پنشن پلان میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ آر پی پی کے ذریعے انھیں یہ خصوصی پلان فرنٹ اینڈ لوڈ (front-end load) اور بیک اینڈ (back end) فیس کے بغیر، اور فنڈ مینجمنٹ کی 1.5 فیصد تک معمولی فیس پر دستیاب ہو گا۔
روشن پنشن پلان (رضاکارانہ پنشن سسٹم قواعد، 2005ء) ایک ذاتی شراکت داری پر مبنی حصہ داری کی پنشن اسکیم ہے جس سے 18 تا 70 برس عمر کے وہ تمام غیر مقیم پاکستانی فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کا نان ریزیڈنٹ روپی ویلیو اکاؤنٹ (NRVA) ہو ۔بیرون ملک ملازمت یا ذاتی کاروبار کرنے والے ہمارے قابل قدر غیر مقیم پاکستانی اپنی سہولت کے مطابق 10,000 روپے جیسی معمولی رقم کا حصہ ڈال کر اس پراڈکٹ کو حاصل کر سکتے ہیں،یہ رقم کس کس وقت دینا ہے،یہ بھی ان پاکستانیوں کی پسند پر منحصر ہے، اور اس طرح وہ اپنے مالی اثاثوں میں اضافہ شروع کر سکتے ہیں تا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدگی سے آمدنی حاصل کر سکیں۔ آر پی پی میں ادا کی گئی رقم سرمایہ کاری کے ایک پول/فنڈ کا حصہ بن جائے گی، جس سے ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی میں انہیں آمدنی کا ایک باقاعدہ ذریعہ مل جائے گا۔
اینڈ ٹو اینڈ (end to end) ڈجیٹل پروسیس اور آسان طریقہ کار کی بنا پر یہ پلان غیر مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک باسہولت اور مؤثر طریقہ ہے جس کے تحت وہ ایک مجاز پنشن فنڈ منیجر یا آر ڈی اے بینک سے منسلک اثاثہ جاتی انتظام کی کمپنی (اے ایم سی) کو مقررہ وقت پر اپنے این آر وی اے یا آر ڈی اے کے ذریعے اپنا حصہ ادا کر سکتے ہیں۔
اہلیت
غیر مقیم پاکستانی افراد
پاکستان اوریجن کارڈ کے حامل
18 سال تا 70 سال کے درمیان عمر
بیرونِ ملک ملازم یا ذاتی کاروبار
اہم خصوصیات
دور دراز سے اور ڈجیٹل طور پر شراکت
ریٹائرمنٹ کے بعد آمدنی کا باقاعدہ ذریعہ
اپنا حصہ ڈالنے کے لیے میعادوں کا انتخاب اپنی پسند سے
ممکنہ حصہ کم سے کم 10,000/- روپے
قبل از وقت اخراج (ریڈمشن) پر کوئی فیس نہیں
کوئی فرنٹ اینڈ لوڈ یا بیک اینڈ فیس نہیں
فنڈ مینجمنٹ فیس 1.5فیصد تک
ایک پنشن فنڈ منیجر سے دوسرے کو بغیر لاگت منتقلی
رسک ایلوکیشن اسکیمیں
آر پی پی ایک پنشن فنڈ اسکیم ہے جس کا مقصد شراکت داروں کی خطرے کی طلب کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کنٹری بیوشن یا سرمایہ کاری کے منصوبوں پر طویل مدتی بلند منافع کا حصول ممکن بنانا ہے۔ شرکااپنی سہولت کے مطابق اپنے آر پی پی میں حصہ لے سکتے ہیں۔غیر مقیم پاکستانی پہلی قسط کی ادائیگی کی تاریخ سے 25 سال بعد یا اپنی ریٹائرمنٹ کی 60 سال یا اس سے زائد کی عمر میں کسی بھی وقت اپنےآر پی پی کو چھوڑ سکتے ہیں۔روپیہ مالیت اکاؤنٹ کے حامل غیر مقیم پاکستانیوں (این آر وی اے)کے لیے، آر پی پی کے تحت دستیاب تین مختص اسکیمیں (allocation schemes) حسبِ ذیل ہیں:
بازارِ زر کا ذیلی فنڈ
ایکویٹی کا ذیلی فنڈ
قرض کا ذیلی فنڈ
خطرے کی سطح
10فیصد
50فیصد
40فیصد
اوسط تغیّر
15فیصد
25فیصد
60فیصد
پست تغیّر
50فیصد
-
50فیصد
مزید پست تغیّر
آر پی پی کے شرکا مذکورہ بالا تین قسم کے منصوبوں میں سے اپنی پسند کے مطابق چن سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، وہ اپنے آر پی پی اکاؤنٹ کوکسی بھی وقت بغیر کسی فیس یا ٹیکس کی ادائیگی کے ایک پنشن فنڈ منیجر سے کسی دوسرے پنشن فنڈ منیجر کو منتقل کر سکتے ہیں۔
آر پی پی پیش کرنے والے بینک
سوالات یا آرا کے لیے
اگر روشن پنشن پلان کے حوالے سے آپ مزید کوئی سوال پوچھنا یا فیڈبیک دینا چاہتے ہوں تو متعلقہ بینک کی سپورٹ ڈیسک سے رابطہ کیا جاسکتا ہے یا ہمیں درج ذیل پر ای میل کی جاسکتی ہے: