اسٹیٹ بینک کے بارے میں/ گورنر 


جناب جمیل احمد
گورنر، بینک دولت پاکستان

جناب جمیل احمد کو صدر پاکستان نے 5 سال تک کی مدت کے لیے گورنر بینک دولت پاکستان مقرر کیا۔ آپ نے 26 اگست 2022ء کو ذمہ داریاں سنبھالیں۔

ایک تجربہ کار مرکزی بینکار کی حیثیت سے جناب جمیل احمد کا شاندار کیرئیر 31 سے زائد برسوں پر محیط ہے اور وہ اسٹیٹ بینک اور سعودی مرکزی بینک (ایس اے ایم اے) میں متعدد سینئر عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ 1991ء سے اسٹیٹ بینک سے منسلک ہیں اور ڈپٹی گورنر (اپریل 2017ء تا اکتوبر 2021ء) اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت مختلف حیثیتوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔وہ ایس اے ایم اے سے جولائی 2009ء تا اپریل 2015ء تک بطور مشیر اور دسمبر 2021ء تا اگست 2022ء تک بطور سینئر مشیر منسلک رہے۔ انہوں نے مرکزی بینکاری کے مختلف شعبوں میں متعدد پالیسی معاملات کے حوالے سے ایس اے ایم اے کی انتظامیہ کو مشورے دیے اور سعودی مرکزی بینک کے تبدیلی کے اہم منصوبوں میں معاونت فراہم کی۔

بطور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک (بینکاری اور ایف ایم آر ایم) ، جناب جمیل احمد نے خطرے پر مبنی طریقہ کار متعارف کروا کر بینک نگرانی کے نظام کو تبدیل کیا، جدید ترین بین الاقوامی بازل کفایتِ سرمایہ کے معیارات کا اجرا اور نفاذ کیا، جدید دور کا ڈجیٹل بینکاری فریم ورک جاری کیا، ڈپازٹرز کے تحفظ کی اسکیم تشکیل دی، بینک کے مسائل کے حل کے نظام کو مضبوط بنایا ، پاکستان کے پہلے ریٹیل پیمنٹ گیٹ وے کا آغاز اور بہت سے دیگر پالیسی اور ضوابطی اقدامات کیے۔

جناب جمیل احمد اسٹیٹ بینک میں زری پالیسی اینڈ آپریشنز، ٹریژری، بینکاری پالیسی و ضوابط، بینکاری نگرانی، ترقیاتی مالیات، نظامِ ادائیگی، اور مالی وسائل کے انتظام کے شعبوں میں متعدد سینئر عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔ ایس اے ایم اے اور اسٹیٹ بینک کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے متعدد عالمی فورمز پر ، جن میں بازل کمیٹی برائے بینکاری نگرانی (بی سی بی ایس) کے ورکنگ گروپ، مالی استحکام بورڈ (ایف ایس بی)، اسلامی مالی خدمات بورڈ (آئی ایف ایس بی) وغیرہ شامل ہیں، بین الاقوامی معیارات کی تشکیل میں معاونت کی۔

جناب جمیل احمد اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی کے رکن، ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن آف پاکستان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان کے پالیسی بورڈ کے رکن پاکستان سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے وائس چیئرمین اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

جناب جمیل احمد نے 1988ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کیا اور وہ 1994ء سے انسٹی ٹیوٹ آف کوسٹ اینڈ منیجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان(ایف سی ایم اے) کے فیلو رکن، 1993ء سے انسٹی ٹیوٹ آف بینکرز پاکستان ((ایف آئی بی پی) کے فیلو رکن اور 1992ء سے انسٹی ٹیوٹ آف کارپوریٹ سیکریٹریز آف پاکستان (ایف سی آءی ایس) کے فیلو رکن بھی ہیں۔