اسٹیٹ بینک کے بارے میں/ کیریئر گورنرز 

سابق گورنر
 




یاسین انور


یاسین انور، سابق گورنر بینک دولت پاکستان جناب یاسین انور کو 19 اکتوبر 2011ء کو صدر پاکستان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا گورنر مقرر کیا۔ وہ جولائی

1948ء میں اسٹیٹ بینک کے قیام کے بعد 17 ویں گورنر تھے۔ بطور گورنر تعیناتی سے قبل جناب یاسین انور کو 18 جولائی 2011ء کو اسٹیٹ بینک کا قائم مقام گورنر مقرر کیا گیا۔ وہ قبل ازیں 3 جون 2010ء سے 8 ستمبر 2010ء تک بھی قائم مقام گورنر خدمات انجام دے چکے تھے۔ جناب یاسین انور نے بطور ڈپٹی گورنر، اسٹیٹ بینک آف پاکستان 29 مارچ 2007ء سے خدمات انجام دیں، اور اسٹیٹ بینک کے چاروں کلسٹرز یعنی بینکنگ، ریزرو مینجمنٹ، مانیٹری پالیسی اور آپریشنز نیز اسٹیٹ بینک کے ذیلی اداروں بینکنگ سروسز کارپوریشن اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس )نباف( کے امور کی نگرانی کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن (PSPC) کے بورڈز، ایس ای سی پی کے پالیسی بورڈ، نباف کے بورڈ اور سارک پیمنٹس کونسل بورڈ میں خدمات انجام دیں۔ وہ اسٹیٹ بینک کے سینٹرل بورڈ کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (MPC) کے چیئرمین رہے اور انہوں نے پاکستان کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیے۔ وہ ایشین کلیئرنگ یونین (ACU) بورڈ میں بھی گورنر ہیں۔

ایک سینئر عالمی بینکار کی حیثیت سے جناب یاسین انور بین الاقوامی بینکاری میں 33 سال پر محیط وسیع تجربہ لے کر اسٹیٹ بینک آئے۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے نیویارک، لندن اور پیرس جیسے معروف بین الاقوامی مالیاتی مراکز میں جے پی مورگن چیز، بینک آف امریکہ اور میرل لینچ (Merrill Lynch) میں خدمات انجام دیں۔ اس بین الاقوامی تجربے کے سبب انہیں امریکہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کارپوریٹ بزنس تعلقات کا گہرا ادراک حاصل ہوا اور ریگولیٹری ماحول، کیپٹل مارکیٹس، آپریشنز، پیمنٹس، ایکسپورٹ فنانس، انویسٹمنٹ مینجمنٹ اور کریڈٹ سے متعلق امور کی تفصیلی معلومات اور نگرانی کے ساتھ معروف بین الاقوامی مالی اداروں کے نمو پذیر کاروباری یونٹس کے نظم و نسق کا بھی وسیع و عملی تجربہ حاصل ہوا۔

انہوں نے چھ سال تک )2000ء تا 2006ء( یونائیٹڈ نیشنل بینک لمیٹڈ (برطانیہ) میں نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے برطانیہ کے مالی شعبے کے قواعد و ضوابط اور دیگر اہم امور سے متعلق واقفیت حاصل کی اور یو کے فنانشل سروسز اتھارٹی اور فیڈرل ریزرو بینک آف نیویارک کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تعلقات استوار کیے۔

جناب یاسین انور 9 سال تک )1992ء تا 2001ء( نیویارک ؍لندن میں میرل لینچ اینڈ کمپنی سے بحیثیت وائس پریزیڈنٹ وابستہ رہے، جہاں انہوں نے کیپٹل مارکیٹس اور آلٹرنیٹو انویسٹمنٹس میں اپنی مہارت میں اضافہ کیا۔ میرل لینچ سے قبل انہوں نے 15 سال تک )1976ء تا 1991ء(بینک آف امریکہ میں مختلف ذمہ دار عہدوں پر خدمات انجام دیں جن میں اس ادارے کے نیویارک میں گلوبل ایکسپورٹ فنانس گروپ اور مشرق وسطیٰ کے لیے وائس پریزیڈنٹ اینڈ سیکشن ہیڈ کے عہدے شامل ہیں۔ بینک آف امریکہ کے ایکسپورٹ فنانس گروپ کے سربراہ کی حیثیت سے وہ عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، ایکسپورٹ امپورٹ بینک، یو ایس ایڈ اور USDA کے لیے کلیدی ریلیشن شپ منیجر تھے۔

جناب یاسین انور وارٹن اسکول آف بزنس، یونیورسٹی آف پنسلوانیا ) جہاں سے انہوں نے پولیٹیکل سائنس میں بھی بی اے کی دوسری ڈگری حاصل کی(، سے اکنامکس میں بیچلر آف سائنس کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد 1973ء تا 1975ء جے پی مورگن چیز، نیویارک سے وابستہ رہے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج )لاہور(، گرامر اسکول )کراچی( اور کراچی امریکن اسکول سے حاصل کی۔

جناب یاسین انور پاکستان بینکرز ایسوسی ایشن، برطانیہ کے بانی ہونے کے علاوہ 1997ء تا 1999ء اس کے صدر بھی رہے۔ وہ عرب بینکرز ایسوسی ایشن، برطانیہ کے رکن بھی رہے۔ جناب یاسین انور نے نیویارک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، امریکن ٹرکش سوسائٹی، ڈائریکٹر، یوایس پاکستان اکنامک کونسل، ڈائریکٹر، امریکن مڈل ایسٹ بزنس ایسوسی ایشن اورممبر، کونسل آن فارن ریلیشنز کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔


سابق گورنرز (اسٹیٹ بینک کے سابق گورنروں کے بارے میں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں)