جناب ریاض ریاض الدین کو وفاقی حکومت کی جانب سے 30 مارچ 2015ء کو تین سال کی مدت کے لیے اسٹیٹ بینک کا ڈپٹی گورنر مقرر کیا گیا۔ بطور ڈپٹی گورنر تقرر سے پہلے وہ اقتصادی مشیرِ اعلیٰ، زری پالیسی کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ یہ گروپ بینک دولت پاکستان کا صفِ اول کا گروپ ہے، جو زری پالیسی سے متعلق شعبوں پر مشتمل ہے۔ نیز، جناب ریاض الدین کو شعبہ انسانی وسائل (ایچ آر) کے معاملات کی نگرانی بھی بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر مارچ 2014ء سے سونپی گئی تھی۔ اقتصادی مشیرِ اعلیٰ، زری پالیسی کی حیثیت سے وہ کثیر فریقی اداروں کے ساتھ گفت و شنید میں شریک رہے۔ وہ بینک دولت پاکستان کے ذیلی تربیتی ادارے نباف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے بھی رکن ہیں۔ جناب ریاض ریاض الدین کو 26 جنوری 2016ء کو آزاد زری پالیسی کمیٹی کا رکن بھی مقرر کیا گیا۔ قبل ازیں وہ بینک دولت پاکستان کے بورڈ کی مشاورتی کمیٹی کے رکن تھے۔ جناب ریاض الدین کو مرکزی بینکاری کا تقریباً 20 سالہ تجربہ ہے۔ وہ 1994ء میں بینک دولت پاکستان آئے، اس سے قبل وہ جامعہ کراچی کے اپلائڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر (اے ای آر سی) میں اسسٹنٹ پروفیسر / ریسرچ اکنامسٹ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی سے ماسٹرز ڈگری اور بوسٹن یونیورسٹی، امریکہ سے شماریات، اقتصادیات، اور اقتصادی پالیسی میں ماسٹرز ڈگری حاصل کی۔ فروری 1994ء میں بینک سے وابستگی کے بعد سے اب تک ریاض الدین خالص ملکی اثاثوں، بازارِ زر کے سودوں (او ایم اوز) کے انتظام، اور سرکاری تمسکات کی نیلامی کے ذریعے بینک کی زری پالیسی کی تشکیل اور عمل درآمد میں شریک رہے ہیں۔ بینک میں بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر، جنرل اکنامک ریسرچ ڈپارٹمنٹ شمولیت کے بعد انہیں یکے بعد دیگرے ڈائریکٹر سیکورٹیز ڈپارٹمنٹ، ڈائریکٹر ریسرچ ڈپارٹمنٹ، اور اقتصادی مشیر کی ذمہ داریاں سونپی گئیں، اکتوبر 2009ء میں انہیں اقتصادی مشیرِ اعلیٰ مقرر کیا گیا۔ ان کے وسیع تجربے میں مختلف بین الاقوامی اور کثیر جہتی اداروں کے حکام کے ساتھ مذاکرات شامل ہیں۔ ان کے کریڈٹ پر کئی تحقیقی اقدامات ہیں جیسے کہ فنانشیل سیکٹر اسیسمنٹ رپورٹ، انفلیشن مانیٹر، ایس بی پی ریسرچ بلیٹن اور ایس بی پی ورکنگ پیپر سیریز۔ منتظم کی حیثیت سے ریاض الدین کی کامیابیوں میں بینک دولت پاکستان میں شعبوں کے ریسرچ کلسٹر کی تنظیمِ نو اور ایسی ٹیم کی تیاری شامل ہیں جو اقتصادی صورتحال کا زیادہ مرتکز تجزیہ اور زری پالیسی تشکیل دے سکے۔ جناب ریاض الدین متعدد فورمز پر بینک دولت پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، جیسے کہ چیئرمین، ورکنگ گروپ برائے زری پالیسی اور مالی شعبے کی ترقی، ڈائریکٹر بورڈ آف نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ اینڈ فنانس (نباف)۔ اس کے علاوہ وہ حکومت پاکستان کے تشکیل دیے گئے اقتصادی ماہرین کے پینل، وفاقی ادارہ شماریات کی قومی حسابات پر تکنیکی کمیٹی، وفاقی ادارہ شماریات کی صارف اشاریہ قیمت پر تکنیکی کمیٹی، اور حکومت پاکستان کے قائم کردہ بیرونی شعبے پر ورکنگ گروپ میں بھی بطور رکن شامل رہے۔ جناب ریاض الدین نے متعدد کانفرنسوں اور سیمیناروں میں علمی مقالات پیش کیے ہیں، اور ان کی پیش کردہ تحقیق قومی اور بین الاقوامی سطح کے بہت سے جرائد میں شائع ہو چکی ہے۔